کراچی: (روزنامہ دنیا) سونے کی قیمتوں میں اضافہ، عالمی منڈی میں فی اونس 6 ڈالر اضافے سے 1304 ڈالر کا ہو گیا۔
عالمی بلین مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کے نرخ میں 6 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور فی اونس سونے کی قیمت 1304 ڈالر ہوگئی، بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق منگل کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 57 ہزار 800 روپے ہوگئی، اسی طرح 43 روپے کے اضافے سے دس گرام سونے مت 49 ہزار 554 روپے ریکارڈ کی گئی، جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 770 روپے پر مستحکم رہی۔