اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) حکومت کی جانب سے بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے قرضوں کا مجموعی حجم 1.439 کھرب روپے تک بڑھ گیا۔
گزشتہ مالی سال 2017-18کا بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے وفاقی حکومت نے 58.48 فیصد زائد قرضے لیے ہیں۔ ہفتہ کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران حکومت کی جانب سے بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے حاصل کردہ قرضوں کا حجم 1.439کھرب روپے تک بڑھ گیا جبکہ مالی سال 2016-17 کے دوران حکومتی قرضوں کا حجم 908 ارب روپے رہا تھا۔
اس طرح مالی سال2016-17کے مقابلے میں مالی سال2017-18کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے 531 ارب روپے زیادہ قرضہ جات حاصل کیے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت نے گزشتہ مالی سال کے دوران کمرشل بینکوں کو قرضوں کی ادائیگی کی مد میں 76.754 ارب روپے بھی دیے جبکہ مالی سال 2016-17کے دوران کمرشل بینکوں سے حاصل کردہ قرضوں کا حجم 179.3 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔