غیر نہری علاقوں میں آبپاشی کیلئے فنی و مالی معاونت کا منصوبہ

Last Updated On 17 July,2018 05:38 pm

راولپنڈی: (روزنامہ دنیا) پنجاب کےغیر نہری علاقوں میں نظام آبپاشی کی بہتری کیلئے کاشتکاروں کو فنی و مالی معاونت فراہم کرنے کا منصوبہ، سکیم میں حصہ لینے کے لیے کم ازکم 40 کنال آبپاش رقبہ ضروری ہے۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ حکومت پنجاب غیر نہری علاقوں میں نظام آبپاشی کی بہتری کیلئے مالی سال 2018-19 میں کاشتکاروں کو فنی و مالی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ اس منصوبہ سے مستفید ہونے کیلئے کاشتکاروں کے پاس وافر پانی کا ذخیرہ اور آبپاش رقبہ کم از کم 40 کنال ہونا ضروری ہے اور پانی کا لفٹنگ ہیڈ زیادہ سے زیادہ 50 میٹر ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ انجمن آبپاشیاں کے قواعد کے مطابق حصہ داران کی تعداد مقرر ہونی چاہیے، اس سکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے کاشتکار مجوزہ درخواست فارم ڈپٹی ڈائریکٹر/ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے دفاتر یا محکمہ زراعت کی ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔تکنیکی طور پر اہل درخواست دہندہ کے فارم کا سروے، ڈیزائن اور تخمینہ لاگت تیار کیا جائے گا جس کی منظوری متعلقہ اتھارٹی دے گی۔

سکیم کے حصہ داران اپنے حصہ کی رقم متعلقہ شراکتی بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائیں گے، حکومت کی طرف سے تعمیراتی کام کی خرید کیلئے منظور شدہ رقم 2 لاکھ 50 ہزار کی قسط وار ادائیگی کی جائے گی۔ درخواستیں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر کے دفتر میں 10 اگست 2018 تک وصول کی جائیں گی۔

Advertisement