کراچی: (روزنامہ دنیا) اسٹیٹ بینک نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جعلی فون کالز کرنے والوں سے ہوشیار رہیں۔
اسٹیٹ بینک نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جعلی فون کالز کرنے والوں سے ہوشیار رہیں اور ان کے کسی سوال کا جواب نہ دیں۔ اسٹیٹ بینک کے ترجمان کے مطابق اطلاعات ملی ہیں کہ بعض غیر مجاز عناصر خود کو اسٹیٹ بینک کا اہلکار ظاہر کرنے والے افراد کی جانب سے عوام کو جعلی فون کالز کر رہے ہیں۔ جن میں بینک اکاؤنٹس کی تصدیق کے بہانے ذاتی کوائف جیسے شناختی کارڈ نمبر، بینک اکاؤنٹ نمبر، پاس ورڈ وغیرہ پوچھی جاتی ہیں۔ کال کرنے والے یہ دھمکی بھی دیتے ہیں کہ اگر یہ کوائف نہ بتائے گئے تو بینک اکاؤنٹس بند یا منجمد کردیے جائینگے۔
عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ اسٹیٹ بینک اس قسم کی تصدیق کیلئے کمرشل بینکوں کے صارفین کے ساتھ براہ ِراست کبھی رابطہ نہیں کرتا، اسٹیٹ بینک سرکلر، بروشر اور عوامی آگہی کے اشتہارات کے ذریعے مطلع کرتا رہتا ہے کہ لوگ مختلف قسم کے فراڈ سے ہوشیار رہیں اور اکاؤنٹ نمبر، پن، آئی ڈی، پاس ورڈ وغیرہ جیسی ذاتی معلومات کسی پر ظاہر نہیں کرنے چاہئیں۔