عوام کیلئے بری خبر، بجلی کی قیمت میں 1 روپے 16 پیسے اضافہ

Last Updated On 26 September,2018 05:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوام کیلئے بری خبر، نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 16 پیسے اضافے کی منظوری دے دی، بجلی کے نرخ بڑھنے سے صارفین پر 16 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔

بجلی کی قیمت میں اضافہ اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مطابق اگست میں پانی سے 31.95 فیصد، فرنس آئل سے 11.73 فیصد بجلی پیدا کی گئی، مقامی گیس سے 14.55 فیصد جبکہ ایل این جی سے22.74 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

اگست میں بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 5 روپے 55 پیسے تھی، جبکہ تقسیم کارکمپنیوں کو بجلی 6 روپے 24 پیسے فی یونٹ کے حساب سے فروخت کی گئی۔ سی پی پی اے کے تجویز کردہ اضافے سے صارفین پر 27 ارب کا بوجھ پڑنا تھا۔ بجلی کے نرخ میں ایک روپے سولہ پیسے اضافے سے صارفین پر 16 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ تاہم لائف لائن صارفین کے الیکڑک اور زرعی صارفین پر اس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔