اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انورخان کا کہنا ہے کہ پاکستان مضبوط بنیادوں پر قائم ہے، مسلح افواج اور بہادر قوم نے عالمی امن کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں۔
ائیریونیورسٹی کی جانب سے پیغام پاکستان کی روشنی میں تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تعلیمی اداروں میں امن، برداشت، سماجی اقدار اورباہمی رویوں کو تعلیم و تربیت کے ذریعے فروغ دینے کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا تاکہ مذہبی، لسانی وصوبائی فرقہ واریت اور انتہا پسندی جیسے رجحانات سے احسن طریقے سے نمٹا جاسکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان کا کہنا تھا کہ مضبوط اصول پاکستان کی مضبوط بنیاد کی ضامن ہیں۔ ایئرچیف کاکہنا تھا کہ دنیا بھرمیں بنیاد پرستی کو انتہا پسندی کی وجہ سے منفی تناظر میں دیکھا اورسمجھا جاتا ہے، نوجوان نسل کو بنیاد پرستی کے حوالے سے سخت چیلنجز کا سامنا ہے، تعلیمی اداروں کو اس حوالے سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے میں اہم کردارادا کیا اورمسلح افواج اوربہادر قوم نے عالمی امن کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں، موجودہ دور میں پاکستان کو بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے۔