اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے سوشل میڈیا پر اسلام آباد میں کوڑا کرکٹ کی نشاندہی کی جس پر سی ڈی اے نے 2 اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
پاکستان میں جرمن سفیر مارٹن کوبلر سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں اور وہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے کوششوں کے ساتھ ساتھ گاہے بگاہے سماجی مسائل کی نشاندہی کرتے رہتے ہیں۔ مارٹن کوبلر پاکستان کے شمالی علاقوں کی خوبصورت کے سحر میں بھی مبتلا ہیں جب کہ وہ ہمیشہ مختلف شہروں میں اپنی مصروفیات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔
جرمن سفیر نے منگل کو اسلام آباد کے ایک سیکٹر کی ایک تصویر شیئر کی اور وفاقی دارالحکومت کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ وہاں پڑے کچرے کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں اسلام آباد کے علاقے ایف سیون فور کی گلی نمبر 56 میں پڑے کوڑے کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اسلام آباد میں جہاں خوبصورت جگہیں ہیں وہیں ہر جگہ کوڑے کے ڈھیر بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹھوس کوڑا اس طرح سے ہر جگہ نہیں پھینکا جاسکتا، یہ ڈینگی اور دیگر مضرِ صحت اثرات کا سبب بنتا ہے ، کیا کیا جاسکتا ہے ؟ ۔
جرمن سفیر کی نشاندہی کے بعد کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے ) بھی حرکت میں آگئی اور ڈائریکٹر سینی ٹیشن سردار خان نے فوری ایکشن لیتے ہوسئے سینی ٹیشن انسپکٹر ایف سیون ظہور محمد اور سپر وائزر سب سیکٹر ایف سیون فور قیصر قیوم کوعہدوں سے معطل کر دیا، نو ٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ قواعد کے مطابق دونوں ملازمین معطلی کے دوران تنخواہ سمیت دیگر الائونسز لینے کے مجاز ہیں۔