اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 29 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق جنرل اسمبلی سے خطاب کے لئے وزیر خارجہ کی تقریر کے مسودے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، خطاب جاندار ہو گا جس میں عالمی، سیاسی، سماجی اور اقتصادی معاملات پر پاکستان کا موقف بیان کیا جائے گا۔ اپنے خطاب میں وزیر خارجہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے بیانیہ سے جنرل اسمبلی کے اراکین کو آگاہ کریں گے، اس کے علاوہ آپریشن ضرب عضب، آپریشن رد الفساد کی کامیابیوں، آپریشن خیبر فور کے حوالے سے عالمی برادری کو اعتماد میں لیں گے اور پاکستان کی کامیابیوں و قربانیوں سے آگاہ کریں گے۔
شاہ محمود قریشی افغانستان کے مسئلے کے فوجی حل کی مخالفت کرتے ہوئے اس کے حل کے لئے علاقائی کوششوں کی حمایت کی بات کریں گے۔ وزیرخارجہ مذاکرات سے بھارتی انکار اور بھارتی آرمی چیف کے خطے میں عدم استحکام کو ہوا دینے والے بیانات کا معاملہ اٹھائیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ہیومن رائٹس کمیشن کی رپورٹ کو بھی اجاگر کریں گے ، اس کے علاوہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں اقوام متحدہ کی ناکامی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی کے نئے دور کا تفصیلی ذکر کرینگے۔