پاکستان میں ٹویوٹا گاڑیوں کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

Last Updated On 17 October,2018 08:14 pm

کراچی: (دنیا نیوز) روپے کی قدر میں کمی کے باعث انڈس موٹر کمپنی نے کاروں کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کردیا۔

انڈس موٹر کمپنی نے ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر کم ہونے کے باعث ٹویوٹا گاڑیوں کی قیمتوں پر نظرثانی کرتے ہوئے اضافہ کیا ہے۔ جن صارفین نے اکتوبر اور نومبر کے لیے مکمل ادائیگی کردی ہے انہیں گاڑیاں پرانی قیمت پر فراہم کی جائیں گی اور اضافی قیمت کمپنی برداشت کرے گی۔ جن صارفین نے اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے لیے جُزوی ادائیگی کی تھی ان کو اضافی قیمت کا 50 فیصد ادا کرنا ہوگا۔

کمپنی کے جاری بیان کے مطابق ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی سے قیمت پر برے اثرات مرتب ہوئے۔ حکومتی ڈیوٹی اور ٹیکسز، درآمدی لاگت، سی اینڈ ایف، درآمدی پرزہ جات اور مقامی پرزہ جات کے لیے خام مال وغیرہ کی قیمت میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے قیمت میں اضافہ کیا گیا۔

انڈس موٹر کا کہنا ہے کہ کمپنی کے لیے ریٹیل سیل کی قیمت کو برقرار رکھنا انتہائی دشوار ہے اس لیے قیمت میں اضافہ مارکیٹ پر منتقل کرنا مجبوری ہے۔نومبر اور دسمبر کے لیے کرولا کی قیمت میں 50 ہزار روپے سے ایک لاکھ روپے تک اور آئی ایم وی ویریئرنٹ کی قیمتوں میں 1 لاکھ 25 ہزار سے 1 لاکھ 75 ہزار تک اضافہ ہوا ہے۔

Advertisement