اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونے سے پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل 6 روپے فی لیٹر تک سستا ہونے کا امکان ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں، صرف ایک روز میں خام تیل ساڑے 8 فیصد سستا ہوگیا، امریکی خام تیل کی قیمت 5 ڈالر 20 سینٹس کمی کے بعد 55 ڈالر 50 سینٹس، اور برطانیوی خام تیل 5 ڈالر 60 سینٹس کمی کے بعد 65 ڈالر 50 سینٹس میں ٹریڈ ہونے لگا۔
یکم نومبر سے خام تیل کی قیمتوں میں 11 ڈالر تک کی کمی ہوچکی ہے، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گھٹ جانے سے پاکستان میں پیٹرول و ڈیزل 5 سے 6 روپے فی لیٹر سستا ہوسکتا ہے۔ پاکستان ایک سال میں 14 ارب ڈالر کی پیٹرولیم مصنوعات درآمد کرتا ہے، اگر قیمتیں اسی سطح پر برقرار رہیں تو پاکستان کو لگ بھگ 500 ملین ڈالر کی بچت ہوگی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ دنیا کے تقریبا تمام ممالک میں معاشی سست روی ہے، دوسری جانب امریکی کی اجازت کے بعد دس ممالک نے تیل سے تیل کی خریداری شروع کردی ہے جس سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونا شروع ہوگئی۔