اسلام آباد: (دنیا نیوز) روسی کمپنی پاکستان کے تیل اور گیس کے شعبے میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ وزیر پیٹرولیم کے مطابق معاہدے کے تحت روس پاکستان کو یومیہ 1 ارب کیوبک فٹ گیس بھی فراہم کرے گا۔
روسی وفد نے وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور روس کے مابین تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار سے متعلق بیشتر امور زیر بحث آئے۔
اس موقع پر روسی کمپنی اور انٹر سٹیٹ گیس سسٹم پاکستان کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ روسی کمپنی پاکستان میں تیل، گیس کی تلاش اور پیداوار کے شعبے میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ روسی کمپنی گیس کی زیر زمین سٹوریج سے متعلق سہولیات کی فراہمی میں بھی دلچسپی رکھتی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ روس کی پاکستان میں تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی خوش آئند ہے۔
معاہدے کے تحت روس پاکستان کو روزانہ 500 ملین سے 1 ارب کیوبک فٹ گیس فراہم کرے گا جو سمندری راستے سے پاکستان پہنچائی جائے گی جبکہ پائپ لائن کی تعمیر آئندہ 3 سے 4 سال کے دوران مکمل کر لی جائے گی۔