ماسکو: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) روس میں جاسوسی کے شبے میں امریکی شہری کو حراست میں لے لیا گیا، مشتبہ شخص کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
روسی تحقیقاتی ادارے کے مطابق پال ویلن نامی شخص کو اٹھائیس دسمبر کو حراست میں لیا گیا جب وہ جاسوسی کے مشن پر تھا۔ سیکیورٹی ادارے نے گرفتار امریکی شخص کے خلاف آرٹیکل 276 کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق جرم ثابت ہونے پر امریکی شہری کو دس سے بیس سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب امریکا کی جانب سے اپنے شہری کی جاسوسی کے الزامات میں گرفتاری پر اب تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ روس کے امریکا اور برطانیہ سے تعلقات خاص طور پر گزشتہ ایک سال سے اس نوعیت کے رہے ہیں جس میں ایک دوسرے پر جاسوسی کرنے کے الزامات کثرت سے لگائے جاتے رہے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق روس کی گن رائٹ کارکن ماریہ بوتینہ کو امریکہ میں گرفتار کیا گیا تھا اور انھوں نے اپنے آپ پر لگنے والے الزامات کا اعتراف بھی کر لیا تھا۔ امریکہ میں سرکاری وکلا نے انھیں روسی ریاست کا ایجنٹ قرار دیا تھا جو قدامت پسند سیاسی گروپوں میں گھس چکی تھیں۔
اس سال مارچ میں برطانیہ اور اس کے مغربی اتحادی ملکوں نے سو سے زیادہ روسی سفارت کاروں کو سرگئی سرکپال کو زہر دینے کے واقعہ کے بعد واپس روس بھیج دیا تھا۔