کراچی: (دنیا نیوز) بجٹ خسارہ پورا کرنے کی خاطر سات ماہ میں حکومت نے سٹیٹ بینک سے 861 ارب روپے قرض لیا، ماہرین کے مطابق مرکزی بینک سے لیا گیا قرض مہنگائی میں اضافے کا باعث بنے گا۔
موجودہ حکومت نے برآمدات میں اضافے، درآمدات میں کمی اور ترقیاتی اخراجات میں کٹوتی جیسے دیگر اقدمات تو کیے مگر محصولات میں اضافے کے لئے اب تک ٹھوس اقدامات نہیں لئے گئے، موجودہ حالات میں حکومت کو بجٹ خسارے کا سامنا ہے جس کے لئے حکومت جہاں دیگر ذرائع سے قرض لے رہی ہے وہیں سٹیٹ بینک سے بھی قرض لینے کا سلسلہ جاری ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق حکومت نے 7 ماہ میں 861 ارب روپے مرکزی بینک سے قرض لیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 334 ارب روپے کا قرض لیا گیا تھا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق حکومت نے بجٹ خسارے کو پورا کرنے کی خاطر مرکزی بینک سے قرض لیا۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت کی جانب سے سٹیٹ بینک سے لیا گیا قرض مہنگائی میں اضافے کا باعث بنے گا۔