پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا حکومت نے محاصل میں اضافہ کرنے کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا، اب پراپرٹی ٹیکس کے پرانے نظام کو ختم کر کے انٹرنیٹ سے منسلک کیا جائے گا۔ شہریوں نے بھی نئے نظام کو ترقی کا زریعہ قرار دے دیا۔
خیبر پختونخوا حکومت کی پراپرٹی ٹیکس جمع کرنے کیلئے نئی حکمت عملی تیار، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے پرانا اور فرسودہ پراپرٹی سروے نظام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تمام نقشہ جات کو بھی انٹر نیٹ سے منسلک کیا جائے گا۔
پراپرٹی ٹیکس کی مد میں سالانہ ایک ارب روپے کا ٹارگٹ حاصل کیا جاتا ہے تاہم اس نظام کو آئی ٹی کی جدید سہولیات سے منسلک کیا جائے گا۔ سیکرٹری ایکسائز کا کہنا ہے کہ اس طرح جہاں اہداف کے حصول میں آسانی ہوگی وہیں نئے ٹیکس دینے والے بھی سامنے آئیں گے۔
پشاور کے شہریوں نے بھی حکومت کے اس اقدام کو خوب سراہا، کہتے ہیں کہ جدید دور میں اس طرح کے اقدام ہی ملک و قوم کے مفاد میں ہیں۔ پراپرٹی ٹیکس نظام کو آئی ٹی سے منسلک کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکس شرح بیس فیصد سے کم کرکے پندرہ فیصدکرنے کی بھی تجویز ہے۔ پراپرٹی ٹیکس نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جہاں نئے ٹیکس دینے والے سامنے آئیں گے وہیں صوبائی محاصل میں بھی اضافہ ہوگا۔