ترقیاتی بجٹ: 675 ارب میں سے 581 ارب روپے جاری ہوئے

Last Updated On 28 May,2019 01:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کے تحت 25 مئی تک فنڈز اجراء کی تفصیلات جاری کر دی گئی۔

دنیا نیوز کے مطابق یکم جولائی سے اب تک 675 ارب روپے میں سے 581 ارب روپے جاری کئے گئے۔ آزاد کشمیر کا ترقیاتی بجٹ 25 ارب 85 کروڑ روپے تھا، 25 ارب 32 کروڑ جاری ہوئے۔ گلگت کو 17 ارب 53 کروڑ کے ترقیاتی بجٹ میں سے 16 ارب 31 کروڑ مل چکے۔

فاٹا کے 10 سالہ پروگرام کے لیے ترقیاتی بجٹ 10 ارب روپے رکھے گئے۔ ترقیاتی بجٹ میں سارے پیسے جاری کیے گئے۔ حکومت کے مختلف ترقیاتی پروگرامز کے لئے 27 ارب میں سے 24 ارب جاری ہو چکے، زلزلہ زدگان کی بحالی کے ادارے ایرا کا ترقیاتی بجٹ ساڑھے 6 ارب تھا۔ ادارے کو ساڑھے 3 ارب جاری ہوئے۔

آئی ڈی پیز کے لیے ساڑھے 33 ارب روپے میں سے 28 ارب 77 کروڑ جاری ہو چکے ہیں، خصوصی سیکیورٹی انتظامات کے لیے ساڑھے 33 ارب میں سے 11 ارب 88 کروڑ جاری ہوئے۔ وزیراعظم یوتھ اور ہنر مند پروگرام کے لئے 7 ارب میں سے صرف 97 کروڑ 14 لاکھ جاری ہو سکے۔

این ایچ اے کا ترقیاتی بجٹ 185 ارب تھا، اب تک 217 ارب 45 کروڑ روپے جاری ہوئے، وزارت تعلیم و تربیت کا بجٹ 4 ارب 96 کروڑ تھا جسے 2 ارب 59 کروڑ روپے جاری ہوئے۔ بین الصوبائی رابطہ ڈویژن کو ایک ارب 97 کروڑ کے بجٹ میں سے 17 کروڑ 37 لاکھ ملے۔