لاہور(نمائندہ دنیا)لاہور سے لندن کا فضائی ٹکٹ کرکٹ ورلڈ کپ 2019اور گرمیوں کی تعطیلات شروع ہونے کی وجہ سےآسمان سے باتیں کرنے لگا۔
لاہور سے لندن کا کرایہ ایک لاکھ 70ہزار روپے تک پہنچ گیاہے جبکہ بزنس کلاس پلس، اکانومی پلس کا کرایہ پونے دولاکھ روپے تک پہنچ گیا۔ ایمرٹس ایئر، اومان ایئر لائن ، گلف ایئر، اتحاد ایئر لائن کے علاوہ پی آئی اے سمیت کسی بھی ایئر لائنز میں اکانومی کلاس میں بکنگ مکمل ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کو اکانومی پلس اور بزنس پلس میں مہنگی ٹکٹس خریدنا پڑ رہی ہیں ،عید کے پندرہ روز بعد تک لندن کا دوطرفہ کرایہ بھی سوا لاکھ روپے تک وصول کیا جا رہا ہے۔
ٹریول ایجنٹ مافیا بھی ایئرلا ئن عملہ کی ملی بھگت سے کئی گنا زیادہ منافع کما رہا ہے ۔ مسافر کو ٹکٹ فروخت کرتے وقت کسی بھی ٹکٹ کے پرنٹ پر نہ تو ٹیکسز کی وصولی کے بارے بتایا جا رہا ہے اور نہ ہی بنیادی کرائے سمیت ٹریول ایجنٹ اپنی کمائی کے بارے مسافر کو آگاہ کر تا ہے۔