فیصل آباد میں بھی منافع خوروں نے سبزی کی قیمتوں میں پچاس فیصد تک اضافہ کر دیا

Last Updated On 13 November,2019 04:34 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں بھی منافع خوروں نے سبزی کی قیمتوں میں پچاس فیصد تک اضافہ کر دیا، سرکاری نرخ ناموں کی بجائے دکاندار اپنی مرضی کے نرخوں پر سبزیاں بیچنے لگے، عوام نے دہائی دے دی۔

مہنگائی کے نام پر منافع خوروں نے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے لئے کمر کس لی، ایک ہفتے میں سبزیوں کی قیمتوں میں پچاس فیصد تک اضافہ کر دیا، سرکاری نرخ ناموں کی بجائے دکاندار من پسند ریٹ پر سبزیاں بیچنے لگے، سبزیوں کو ذائقہ دار بنانے والے اجزا میں سے پیاز، مرچ سنچری تو ٹماٹر، لہسن ڈبل سنچری جبکہ ادرک ٹرپل سنچری کراس کر چکے۔

سبزیوں میں مٹر، مونگرے، بند گوبھی سنچری مکمل کیے ہوئے ہیں اور باقی موسمی سبزیاں بھی نصف سنچری کے قریب ہیں۔ شہریوں نے دہائی دے دی، کہتے ہیں گوشت کھانے کی سکت نہ رکھنے والوں کی پہنچ سے اب سبزیاں بھی دور ہو چکیں۔

دوسری جانب دکاندار حضرات کہتے ہیں اگر پھلوں، سبزیوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا ہے تو انتظامیہ آڑھتیوں کو قابو کریں۔

سرکاری حکام کہتے ہیں کہ دکاندار مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ نرخ نامے آویزاں کرنے کی بجائے خود ساختہ قیمتیں مقرر کر کے سبزیاں بیچتے ہیں جومہنگائی کی اصل وجہ ہے۔