فیصل آباد: بھکاریوں کی پکڑ دھکڑ کی کارروائیاں بے سود، شہریوں کیلئے دردِ سر بن گئے

Last Updated On 13 November,2019 09:23 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں پیشہ وربھکاریوں کی پکڑ دھکڑ کیلئے ضلعی انتظامیہ اور سوشل ویلفئیر کی جانب سے کی جانے والی کارروائیاں بے سود ثابت ہوئیں۔ حکومتی اداروں کی مستقل کارروائیوں کے باوجود بھکاری شہریوں کیلئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔

فیصل آباد میں محکمہ سوشل ویلفئیر اور ضلعی انتظامیہ پیشہ بھکاریوں کے آگے بے بس، چوک چوراہوں اور گلی محلوں میں بھکاری معذوری کا ڈھونگ رچا کر معصوم شہریوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ متعلقہ محکمے انہیں لگام ڈالنے میں ناکامی کا شکار ہیں۔

سوشل ویلفئیر حکام کی تو منطق ہی اُلٹی ہے، کہتے ہیں گزشتہ دو ہفتوں سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں اور بھکاری مافیا کو قابو بھی کرلیا گیا ہے۔

شہری کہتے ہیں کہ حکام محض کاغذی کاروائیوں کی بجائے عملی اقدامات اُٹھاتے ہوئے بھکاری مافیا کو جڑ سے ختم کریں۔