فیصل آباد: ڈکیتی و راہزنی کی رواں برس چار ہزار سے زائد وارداتیں، سوا ارب کا سامان لوٹ لیا گیا

Last Updated On 12 November,2019 10:38 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ڈکیتی راہزنی و چوری کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا۔ رواں سال چار ہزار سے زائد وارداتوں کے دوران سوا ارب روپے سے زائد کا مال و زر لوٹ لیا گیا۔

فیصل آباد میں پولیس حکام کی ناقص منصوبہ بندی اور کمزور گرفت کے باعث جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ مل گئی۔ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس شہر میں ہونے والی چار ہزار سے زائد وارداتوں میں ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کے مال و زر سے شہری محروم ہوئے ہیں جس میں سوا 8 کروڑ روپے نقدی، اڑھائی کروڑ روپے کی موٹرسائیکلیں اور ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی کاریں چھین لی گئیں، شہری کہتے ہیں پولیس کی مجرمانہ غفلت سے جرائم بڑھ رہے ہیں۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق چوری کی وارداتوں میں تیرہ کروڑ روپے سے زائد کی کاریں، پانچ کروڑ روپے سے زائد کی موٹرسائیکلیں، سات کروڑ روپے مالیت کے مال مویشی چوری کئے جا چکے ہیں جبکہ اس کے برعکس پولیس حکام کا کہنا ہےکہ فیصل آباد ریجن میں وارداتیں دیگر شہروں کی نسبت کم ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگی ترین نمائشی فورسز کے باوجود جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ میں ناکامی پولیس حکام کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔