گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں دس روزہ 'میڈ ان گوجرانوالہ صنعتی ایکسپو' کا آغاز ہو گیا جسے دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے۔
گوجرانوالہ بزنس سینٹر میں مقامی مصنوعات پر مشتمل دس روزہ نمائش جاری ہے جس میں مختلف مصنوعات کے50 سے زائد سٹالز لگائے گئے ہیں، نمائش میں لائٹ انجينئرنگ، سرامکس، کٹلری، سینٹری فٹنگ، الیکٹرانکس، کارپٹ، لیدر، ملبوسات سمیت دیگر مصنوعات کے سٹالز موجود ہیں۔
صنعتی ایکسپو کو دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد فیملیز کے ہمراہ پہنچ رہی ہے جس سے بزنس سنٹر کا ماحول خوشگوار نظر آ رہا ہے۔ نمائش میں فیکٹری ریٹ پر اشیاء ملنے پر شہری بھی خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ صنعتی نمائش نہ صرف مقامی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کروانے بلکہ ایکسپورٹ بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔