گوجرانوالہ میں بزرگ دکاندار کی بہادری، ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی

Last Updated On 18 November,2019 12:34 pm

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں دن دیہاڑے کاروباری علاقے میں ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی گئی۔ بزرگ دکاندار کی بہادری اور کمال پھرتی نے ڈاکوؤں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ ملزمان اپنی موٹر سائیکل ہی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

گوجرانوالہ کے بارونق علاقے گوندلانوالہ روڈ پر سکریپ ڈیلر کی دکان پر چہرہ چھپائے موٹر سائیکل سوار تین افراد پہنچے۔ سی سی ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سے اترتے ہی ایک ڈاکو نے پستول نکال لی۔

سکریپ ڈیلر کی کمال نظر نے انہیں دیکھتے ہی بھانپ لیا، اس نے پھرتی سے گن نکالی اور ملزمان پر فائر کھول دیا۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا تو حملہ آوروں نے بھاگنے میں ہی سلامتی سمجھی۔

ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل چھوڑ کر بھاگ گئے۔ گولی لگنے سے سکریپ ڈیلر اور راہ گیر زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی موٹر سائیکل لاہور میں واردات میں چھینی گئی تھی۔

دوسری جانب گوجرانوالہ میں بڑھتی وارداتوں پر تاجروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک ہفتے میں گوندلانوالہ روڈ پر یہ تیسری ڈکیتی ہے۔ اس سے پہلے بیرنگ سٹور پر چالیس لاکھ اور ایک تاجر سے ڈیڑھ لاکھ روپے چھینے جا چکے ہیں۔