سٹاک مارکیٹ: کاروباری آخری روز 824.48 پوائنٹس کی زبردست تیزی

Last Updated On 22 November,2019 05:11 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز زبردست تیزی دیکھی گئی، 100 انڈیکس میں 824.48 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق حصص مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس میں تیزی لوٹ آئی، تیزی کے باعث مزید 8 حدیں بحال ہو گئیں جبکہ پورے کاروباری روز کاروبار میں 2.17 فیصد بہتری دیکھی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزغیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث سٹاک مارکیٹ دھڑام سے نیچے گر گئی تھی، انڈیکس میں 936.37 پوائنٹس کی مندی کے بعد 9 نفسیاتی حدیں گرنے کیساتھ ساتھ انویسٹرز کو 210 ارب روپے کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا تھا۔ مندی کے بعد 37101.31 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔

آج کاروبار کے دوران ایک موقع پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں 37948 کی سطح پر پہنچ گیا تھا، تاہم تیزی کا یہ تسلسل برقرار نہ رہ سکا۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 824.48 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 37925.79 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔