کراچی: (روزنامہ دنیا) وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز میں 10 فیصد کٹوتی کے باعث 7 جامعات کی کارکردگی تنزلی کا شکار ہو گئی۔ جامعہ کراچی اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کی کارکردگی میں بہتری آئی۔ ایشیاء کی 250 بہترین جامعات میں پاکستان کی 9 جامعات کو شامل کر لیا گیا ہے۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 جامعات کی رینکنگ بہتر، جب کہ 7 جامعات کی رینکنگ تنزلی کا شکار رہی۔ کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ ایشیاء ریجن 2020 ء میں نسٹ اسلام آباد 83 ویں نمبر پر آ گئی۔ گزشتہ سال نسٹ اسلام آباد 87 ویں نمبر پر تھی۔ جامعہ کراچی 12 درجے بہتری کے ساتھ 251 سے 239 ویں نمبر پر آ گئی۔ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز 95 ویں نمبر سے تنزلی کا شکار ہو کر 110 ویں نمبر پر آ گئی۔
قائد اعظم یونیورسٹی 109 ویں نمبر سے 111 ویں نمبر پر آ گئی۔ کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی 135 ویں نمبر سے تنزلی کا شکار ہو کر 151 ویں نمبر پر آ گیا۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز 146 ویں نمبر سے تنزلی کا شکار ہو کر 168 ویں نمبر پر آ گیا۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور 171 ویں نمبر پر اپنی پوزیشن مستحکم رکھنے میں کامیاب ہو سکی۔
جامعہ پنجاب کی رینکنگ میں 2 درجہ تنزلی ہوئی، جس سے 193 ویں نمبر سے 195 ویں نمبر پر آ گئی۔ آغا خان یونیورسٹی تنزلی کا شکار ہوتے ہوئے 195 ویں نمبر سے 201 نمبر پر آ گئی۔