عارفوالا: (دنیا نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں کو دھند نے لپیٹ میں لے لیا، عارف والا اور ظفر والا میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں دو بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے سے صبح کے وقت دھند چھائی رہی، عارف والا میں پاکپتن روڈ پر بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر ما دی جس سے سکول جانیوالے 2 بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔
ظفروال میں بھی شدید دھند سے حد نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریکٹر موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا، حادثے میں موٹر سائیکل سوار شخص اور دو بچے زخمی جبکہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔
بورے والا، چشتیاں، اوکاڑہ، پتوکی، ساہیوال، مانگا منڈی، چیچہ وطنی اور دیگر شہروں میں دھند کا راج رہا، شدید دھند کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاتر ہوئی۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دھند کم ہونے پر بند کی گئی، ایم فور موٹروے کو کھول دیا گیا۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دوران سفر گاڑی پر فوگ لائٹس استعمال کریں۔