لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ 'نیا پاکستان منزلیں آسان' تحریک انصاف کا فلیگ شپ پروگرام ہے، پہلے مرحلے میں پنجاب کے دیہی علاقوں میں 1236 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پہلا مرحلہ رواں برس دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا، دیہات میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے پہلے مرحلے پر 15 ارب روپے خرچ ہوں گے، نیا پاکستان منزلیں آسان کے دوسرے مرحلے کا آغاز جنوری 2020ء میں ہوگا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا پنجاب کی تمام دیہی سڑکوں کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت کارپٹڈ کریں گے، نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام 5 سال تک جاری رہے گا، ہر سال نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے دو فیز مکمل کئے جائیں گے، دیہی سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو آمد و رفت کی سہولت ہوگی بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔