لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں پاکستان اور چین کیساتھ تعلقات مزید وسیع اور مضبوط ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چائنا پاکستان فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر اور اقوام متحدہ کے سابق انڈر سیکرٹری جنرل شاؤ ژوکینگ کی قیادت میں بزنس مینوں کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے فروغ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور سی پیک کے تحت منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا ایسا بااعتماد اور مخلص دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں ساتھ نبھایا ہے۔ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی کا رشتہ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر گزرتے لمحے مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔ سی پیک پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی اور اقتصادی تعاون کی نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چینی قیادت کی شبانہ روز محنت کی بدولت چین دنیا کی ایک بڑی معاشی قوت بن چکا ہے۔ پاکستان میں چین کے تعاون سے سی پیک کے منصوبوں سے ترقی اور خوشحالی کی ٹھوس بنیاد رکھی جا چکی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں پاکستان اور چین کیساتھ تعلقات مزید وسیع اور مضبوط ہوئے ہیں۔