کراچی میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتیں، کے الیکٹرک کو 5 کروڑ جرمانہ عائد

Last Updated On 10 December,2019 02:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے کے الیکٹرک کو کراچی میں کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں کا ذمہ دارٹھہراتے ہوئے 5 کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔

نیپرا اتھارٹی کی جانب سے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے کے متعدد واقعات ہوئے اور ان میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، ہلاکتوں کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے، لہذا اسے 5 کروڑ روپے جرمانہ کیا جاتا ہے، کے الیکٹرک جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرنے کی بھی پابند ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کے الیکڑک صارفین کو بلا تعطل اور محفوظ بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے، کے الیکٹرک اپریل 2020 تک بجلی کا ترسیلی نظام بہتر کرے۔ واضح رہے رواں برس جولائی اور اگست میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں 19 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
 

Advertisement