بجلی کی پیداواری اور ترسیلی کمپنیوں کی کارکردگی رپورٹس جاری

Last Updated On 19 November,2019 06:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا کی جانب سے بجلی کی پیداواری اور ترسیلی کمپنیوں کی کارکردگی رپورٹس جاری کر دی گئی ہیں۔

نیپرا کی جانب سے بجلی پیدا کرنے والی سرکاری کمپنیوں (جنکوز) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق چاروں پیداوری کمپنیاں اپنے مقررہ وقت سے زائد دورانیے کے لیے بند رہیں جس سے نو ارب 37 کروڑ یونٹس بجلی پیدا نہ کی جا سکی اور 64 ارب 62 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

رپورٹ کے مطابق جنکو ون نے 19 کروڑ، جنکو ٹو نے 48 ارب اور جنکو تھری نے 15 ارب سے زائد کا نقصان پہنچایا۔ پیداواری کمپنیوں کا سٹینڈ بائی موڈ پر رہنے کا دورانیہ بھی خطرناک حد تک رہا۔

سرکاری کمپنیاں 2016-18ء میں اپنی پوری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کرنے میں ناکام رہیں جس سے چار ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ نیپرا کی جانب سے این ٹی ڈی سی اور کے الیکٹرک کی پرفارمنس ایویلیوایشن رپورٹ 18-2017ء کےمطابق ایک سال میں این ٹی ڈی سی کے سسٹم کے نقائص کے باعث بجلی کے ضیاع کی شرح میں ایک سال میں 525 فیصد کا اضافہ ہوا۔

گزشتہ سال 7 کروڑ 49 لاکھ یونٹس صارفین کو فراہم نہیں کیے گئے تھے جو اس سال بڑھ کر 46 کروڑ یونٹس تک پہنچ گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ این ٹٰی ڈی سی کے نقصانات 41 کروڑ روپے سے بڑھ کر دو ارب 48 کروڑ روپے تک پہنچ چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کے الیکڑک کے خسارے میں نو فیصد کی کمی ہوئی ہے 2017-18ء کے دوران این ٹی ڈی سی کے بجلی کے تعطل کے دورانیے میں 44.4 فیصد اور کے الیکڑک کے بجلی تعطل کے دورانیے میں 52.5 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔
 

Advertisement