اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی صارفین کے بلوں میں یہ اضافہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جائے گا۔ نیپرا بدھ کو سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کے لیے سماعت 30 اکتوبر کو ہوگی۔ سماعت کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے۔ اضافے سے صارفین پر 40 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ یہ اضافہ صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں ادا کرنا ہوگا۔
ستمبر میں فرنس آئل کے استعمال کے باعث عوام کو مہنگی بجلی فراہم کی گئی۔ ستمبر میں فرنس آئل سے 81 کروڑ 72 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جس کی فی یونٹ لاگت 13 روپے 53 پیسے فی یونٹ رہی۔
سی پی پی اے کے مطابق ستمبر میں 13 ارب 62 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئی اور تقسیم کار کمپنیوں کو 13 ارب 22 کروڑ یونٹس بجلی فراہم کی گئی۔