اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں کرنٹ لگنے سے ہونے والی اموات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کے الیکٹرک کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے اموات کے معاملے پر نیپرا کی تحقیقاتی کمیٹی نے اتھارٹی کو رپورٹ جمع کرا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 29 واقعات میں سے 19 کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے۔
حکام نے نیپرا ایکٹ 1997ء کے تحت کے الیکٹرک کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کراچی میں بجلی کی طویل بندش کا ذمہ دار بھی کے الیکٹرک ہے۔
دوسری جانب نیپرا کی رپورٹ پر کے الیکٹرک کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے جس میں ادارے کے ترجمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک قانون کی پاسداری کرتا ہے۔ نیپرا کے ابتدائی نوٹس کا جائزہ لے کر جواب جمع دیا جائے گا۔
ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک ارتھنگ، نیٹ ورک پر سیفٹی بریکرز اور دیگر اقدامات کرتا ہے۔ بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے تمام اداروں سے ایمرجنسی نافذ کرنے کی اپیل کی۔ کھڑے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے بجلی کی تنصیبات متاثر ہوئیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق سیفٹی اقدامات، تجاوزات، ٹی وی کیبل، کنڈوں اور ارتھنگ وائر کی چوری سے غیر موثر بھی ہو جاتے ہیں۔ حادثات کی بڑی وجہ غیر محفوظ سٹریٹ لائٹ سوئچز اور جنریٹر کا غیر محفوظ استعمال بھی ہے۔
کراچی الیکٹرک کے ترجمان نے یقین دہانی کرائی کہ ادارے کی جانب سے ہر کارروائی میں بھرپور تعاون کیا جائے گا۔