اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی صارفین کے لیے بری خبر، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں چھ پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، نیپرا چھ اگست کو سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے جون کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست کے مطابق جون میں بجلی کی ریفرنس فیول لاگت پانچ روپے گیارہ پیسے فی یونٹ تھی اور صارفین کو فراہم کی جانے والی بجلی کی قیمت پانچ روپے اٹھارہ پیسے فی یونٹ رہی۔
سی پی پی اے کے مطابق جون میں پانی سے 29.19 فیصد، کوئلے سے 15.49 فیصد اور فرنس آئل سے 5.28 فیصد بجلی پید اکی گئی۔
گیس سے 14.29 فیصد درآمدی جبکہ ایل این جی سے27.47 فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے۔
نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت چھ اگست کو کرے گا اور سماعت کے بعد قیمت میں اضافے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین زرعی صارفین اور کے الیکڑک کے صارفین پر نہیں ہوگا۔