لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز زبردست تیزی کی طرف جانیوالی حصص مارکیٹ کو بریک لگ گئی، کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 123.78 پوائنٹس بڑھ گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کے دوران ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی تیزی کا رحجان دیکھا گیا، تیزی کے باعث حصص مارکیٹ میں مزید ایک حد بحال ہو گئی، بحال ہونے والی حد میں 41700 کی نفسیاتی حد شامل ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی، 728 پوائنٹس کی تیزی کے باعث سات حدیں بحال ہوئیں تھیں، بحال ہونے والی حدوں میں 41000، 41100، 41200، 41300، 41400، 41500، 41600 کی حدیں شامل تھیں جبکہ کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 41644.88 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا اور حصص کی مالیت میں 100 ارب روپے سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا تھا۔
آج کاروبار کے دوران ایک موقع پر حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس کی 42 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی تاہم تیزی کا یہ رحجان عدالتی فیصلے کے باعث گراوٹ میں بدل گیا اور انڈیکس میں بڑی مندی دیکھی گئی، مندی کے باعث انڈیکس 41025.71 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا تھا۔
کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 123.78 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 41768.66 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا جبکہ پورے کاروباری روز کاروبار میں 0.3 فیصد بہتری دیکھی گئی۔ کاروبار کے دوران 25 کروڑ 38 لاکھ 82 ہزار 830 شیئرز کا کاروبار ہوا، جن کی مالیت 14 ارب 52 کروڑ 93 لاکھ 9 ہزار 396 روپے بنتی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران زبردست ریکارڈ کی گئی تھی تاہم دوپہر کے وقت عدالتی فیصلے کے بعد انویسٹرز کی طرف سے ٹریڈنگ میں ہاتھ روک لیا گیا اور زبردست تیزی میں جانے والی مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر معمولی تیزی دیکھی گئی، آج کاروبار میں تیزی کی بڑی وجہ روس کی طرف سے گیس کی دو کمپنیوں کی خریداری، سعودی عرب، قطر، یو اے ای کی طرف سے ڈپازٹس کی گئی رقم کو مزید تین سال تک سٹیٹ بینک میں رکھنے کے مثبت اثرات پڑ رہے ہیں۔