پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک

Last Updated On 23 December,2019 11:51 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق برآمدی معاہدوں اور قوانین میں ترامیم کرنا ہوگی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق معاشی ترقی کی شرح 3 اعشاریہ 8 فیصد سے بڑھانے کے لئے برآمدات میں اضافہ کرنا پڑے گا، جس کے لئے حکومت کو تمام ممالک کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر نظر ثانی اور برآمدی قوانین میں بھی ترامیم کرنے کی ضرورت ہے۔

اس کے علاوہ تمام برآمدی مصنوعات کی سرٹیفیکیشن عالمی اداروں سے بھی کرائی جائے تا کہ غیرملکی کمپنیوں کا اعتماد پاکستانی مصنوعات پر بڑھے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کو معدنیات، قیمتی پتھر، پلاسٹک، کیمیکل کی نئی پروڈکٹس متعارف کرانے کی بھی ضرورت ہے جبکہ ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے کے لئے توانائی کے متبادل ذرائع کو استعمال کرنا ہوگا۔