سکھر: خورشید شاہ کی ضمانت پر رہائی کا حکم آئندہ سماعت تک معطل

Last Updated On 23 December,2019 03:07 pm

سکھر: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ سکھر نے پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ کی رہائی کا حکم 16 جنوری تک معطل کر دیا۔

سندھ ہائی کورٹ سکھر کے جج جسٹس نعمت اللہ اور جسٹس خادم حسین پر مشتمل ڈبل بینچ نے نیب کی جانب سے پیپلز پارٹی کے مرکزی خورشید شاہ کی ضمانت پر رہائی کے نیب عدالت کے حکم کیخلاف درخواست کی سماعت کی، خورشید شاہ کی جانب سے ان کے وکیل مکیش کمار کی سربراہی میں وکلاء کا پینل اور نیب پراسیکیوٹر پیش ہوئے۔

عدالت نے خورشید شاہ کے پیش نہ ہونے پر ان کے وکلاء سے استفسار کیا تو انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کو نوٹس نہیں ملا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں باقاعدہ طور پر نوٹس موصول کروایا گیا تھا جس پر خورشید شاہ کے وکیل نے کہا کہ نوٹس جیل حکام کو دینا چاہیے تھا کیونکہ خورشید شاہ اس وقت جیل کی حراست میں ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد خورشید شاہ کی رہائی کے حکم کو آئندہ سماعت تک معطل کرنے کا حکم جاری کردیا اور درخواست پر سماعت 16 جنوری 2020 تک ملتوی کر دی۔