لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران قومی اسمبلی میں آرمی ایکٹس کی منظوری کی مثبت خبروں کے اثرات سامنے آئے، 100 انڈیکس 608.23 پوائنٹس بڑھ گیا۔ حصص کی مالیت 61 ارب روپے بڑھ گئی۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی واپسی ہو گئی، 100 انڈیکس میں 608.23 پوائنٹس کی تیزی ہوئی جس کے باعث حصص مارکیٹ کی 7 حدیں بحال ہو گئی ہیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 41300، 41400، 41500، 41600، 41700، 41800 اور 41900 کی حدیں شامل ہیں۔
گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران بڑی مندی دیکھی گئی تھی، 1027 پوائنٹس کی بڑی مندی کے باعث حصص مارکیٹ کی 11 حدیں گر گئیں۔ گرنے والی حدوں میں 42300، 42200، 42100، 42000، 41900، 41800، 41700، 41600، 41500، 41400، 41300 کی حدیں شامل تھیں اور انڈیکس 41296.24 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا جبکہ 170 ارب روپے کا نقصان بھی ہوا تھا۔
آج کاروبار کا آغاز ہی مثبت انداز میں ہوا، اس کے اثرات پہلے گھنٹے کے دوران ہی دیکھنے کو ملے جس کا تسلسل آگے جا کر دیکھا گیا، پہلے دو گھنٹوں کے دوران 100 انڈیکس 500 پوائنٹس بڑھنے کے بعد 41700 کی حد عبور کر گیا تھا۔
تاہم اس دوران تیزی کی طرف جانے والی سٹاک مارکیٹ میں عالمی کشیدگی کے اثرات رونما شروع ہوئے تو انڈیکس 41500 کی سطح پر واپس پہنچ گیاتھا، تاہم اس دوران قومی اسمبلی میں سروسز چیفس کے بارے میں آرمی ایکٹس کی منظوری کے اثرات دیکھنے کو ملےجس کے بعد 100 انڈیکس نے ایک مرتبہ پھرتیزی پکڑی۔
دوپہر تین بجے کے قریب انڈیکس 41800 کی حد عبور کر گیا تھا۔ ایک موقع پرٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 41967.94 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 608.23 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 41904.47 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران 1.45 فیصد بہتری دیکھی گئی جبکہ 14 کروڑ 25 لاکھ 11 ہزار 70 شیئرز کا لین دین ہوا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی سب سے بڑی وجہ قومی اسمبلی میں سروسز چیفس کے معاملے پر آرمی ایکٹس کی منظوری نے اہم کردار ادا کیا،گزشتہ روزانویسٹرز کی طرف سے سرمائے کے انخلاء کو ترجیح دی گئی تھی تاہم آج کاروبار کے دوران ملکی سرمایہ کاروں نے دلچسپی دکھائی۔ پاک امریکا کشیدگی کے اثرات ختم ہوتے ہیں تو تیزی کا تسلسل آگے دیکھنے کو مل سکتا ہے۔