راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے علاقے صدر میں پولیس پر فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید، ڈولفن فورس کے اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہو گئے جبکہ جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے علاقے صدر میں محافظ پٹرولنگ سکواڈ پر فائرنگ کی گئی جس سے ہیڈ کانسٹیبل محمد علی اور کانسٹیبل سعید احمد شہید ہو گئے۔
فائرنگ کی آواز پر ڈولفن اہلکار موقع پر پہنچے تو حملہ آور نے ان پر بھی فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے ڈولفن اہلکار حسن اکرم اور راہگیر خاتون ودیگر زخمی ہو گئے جبکہ پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آر پی او راولپنڈی سہیل حبیب تاجک، سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس، ایس ایس پی آپریشن، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس پی پوٹھوہار موقع پر پہنچ گئے۔
ادھر واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار اور خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد راولپنڈی میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔