لاہور: (ویب ڈیسک) گزشتہ سال پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹونٹی کپتان بابر اعظم نے انگلش کاؤنٹی سمر سیٹ کی نمائندگی کی اور رنز کے انبار لگا دیئے تھے، برطانوی کاؤنٹی نے اگلے سیزن کے لیے بھی بابراعظم کیساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم اس سال بھی سمر سیٹ کی نمائندگی کریں گے اور پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے قبل سمر سیٹ کی جانب سے ٹی ٹوینٹی اور فور ڈے میچز کھیلیں گے۔
سمر سیٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ سیزن میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد بابر اعظم ایک بار پھر سمرسیٹ کاؤنٹی کے لیے ایکشن میں ہوں گے۔
اس سال وہ کاؤنٹی کو 28 مئی سے تین جولائی تک دستیاب ہوں گے اور اس دوران وہ ٹی ٹوینٹی بلاسٹ کے علاوہ فور ڈے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے کم از کم 2 میچز بھی کھیلیں گے جو انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی سیریز کی تیاریوں میں انہیں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف 30 جولائی سے 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
Welcome back to Somerset Babar Bhai!! #WeAreSomerset @babarazam258 pic.twitter.com/gDax8r2Fl2
— Somerset Cricket (@SomersetCCC) January 7, 2020
سمر سیٹ کے ڈائریکٹر کرکٹ اینڈی ہری کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ٹی ٹوینٹی کے بہترین بیٹسمین ہیں اور ان کی واپسی کاؤنٹی کے لیے مفید ثابت ہوگی۔
بابر اعظم نے امید ظاہر کی کہ وہ ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کاؤنٹی کو فتح دلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
بابر اعظم نے گزشتہ ٹی ٹوینٹی سیزن میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور سمر سیٹ کے لیے 52.54 کی اوسط سے 578 رنز بنائے تھے جو انگلینڈ کے ٹی ٹوینٹی کپ میں کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے سب سے زیادہ رنز تھے۔