ایک ٹیسٹ پاکستان، دوسرا ڈھاکا، پی سی بی نے بنگلا دیشی پیشکش مسترد کر دی

Last Updated On 07 January,2020 05:23 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان رواں اور آئندہ ماہ کھیلی جانے والی سیریز کے لیے دونوں بورڈز کے درمیان ای میل ای میل کا کھیل ختم ہو گیا جبکہ دونوں ممالک کے سربراہان کا فون پر رابطہ ہوا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے مہمان ٹیم بنگلا دیش کیساتھ باہمی سیریز کے بارے میں مذاکرات جاری ہیں، اس سیریز کے بارے میں حتمی فیصلہ رواں ہفتے ہونے کا امکان ہے کیونکہ بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کی میٹنگ 12 جنوری بروز اتوار کو ہوگی۔ جس میں کوئی فیصلے کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: صرف ٹی ٹونٹی سیریز کھیلیں گے: بنگلا دیشی بورڈ، ٹیسٹ میچز کہیں اور نہیں کھیلیں گے: پی سی بی

خبر رساں ادارے کے مطابق اگر ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کر لیا جاتا ہے تو مہمان ٹیم 18 جنوری کو اپنے ملک سے روانہ ہو گی کیونکہ 18 جنوری سے قبل بنگلا دیشی پریمیئر لیگ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

دوسری طرف بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے حوالے سے کھلاڑیوں کی رضامندی جاننے کے لیے بات چیت شروع کر دی ہے۔

بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے حوالے سے کھلاڑیوں کی رضامندی جاننے کے لیے بات چیت شروع کر دی ہے، ٹیسٹ کرکٹرز سے بھی اسے ضمن میں بات ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بی سی بی کے صدر نظم الحسن کی آج مزید کھلاڑیوں سے ملاقات بھی ہوگی جب کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ 12 جنوری کو ہونے والی بورڈ میٹنگ میں متوقع ہے، اگر مثبت فیصلہ ہوا تو ٹیم کی روانگی 18 جنوری کو متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ تاحال صرف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی ضد چھوڑنے کو تیار نہیں، بی سی بی کی جانب سے مسلسل ٹال مٹول کا سلسلہ جاری ہے بورڈ عہدیدار بھی ایک کے بعد ایک ایسا بیان دیتے رہے جس سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔

یاد رہے کہ فیوچر ٹور پروگرام کے تحت بنگلا دیشی ٹیم کو رواں ماہ 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کیلیے پاکستان آنا ہے۔ یہ ٹور 18 جنوری سے شروع ہونا ہے تاہم اس پر تاحال خدشات کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان جا کر کرکٹ کھیلنے میں کوئی اعتراض نہیں: بنگلا دیشی ہیڈ کوچ

ترجمان پی سی بی کا کہناہے کہ چئیرمین پی سی بی احسان مانی اور بنگلہ دیش کے صدر نظم الحسن میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ پاکستان میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے تیار ہے جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ میں میزبانی کا خواہشمند ہے جس کی درخواست پاکستان کرکٹ بورڈ نے مسترد کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلا دیشی بورڈ کیساتھ رابطے میں، ہوم سیریز اپنی سرزمین پر ہی کھیلیں گے: احسان مانی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ آفیشلز حکام کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کی طرف سے اس طرح کی آفر حیران کن ہے، ایک ٹیسٹ پاکستان اور دوسرا بنگلا دیش کیلئے کسی صورت بھی تیار نہیں ہیں۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کا اس سے قبل کہنا تھا کہ اپنی ٹیم ٹی ٹونٹی کھیلنے کے لیے پاکستان بھیج سکتے ہیں تاہم سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ٹیسٹ سیریز پر جواب دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم نہ آئی تو قانونی چارہ جوئی کرینگے: احسان مانی

ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو پہلے ہی آگاہ کر دیا کہ اگر ہماری ٹیم کے کھلاڑی تیار ہوئے تو ٹی ٹونٹی ٹیم پاکستان بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔ اگر ٹیم تیار ہوئی تو ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ سینئر کھلاڑی پاکستان بھیج دیں گے تاہم ہماری ٹیم کے چند سینئرز پلیئرز پاکستان جانے سے گریزاں ہیں۔

اس کے رد عمل پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انتباہی انداز میں کہا تھا کہ اگر بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم پاکستان کھیلنے نہ آئی تو آئی سی سی میں قانونی چارہ جوئی کریں گے جبکہ اپنی ہوم سیریز کسی بھی صورت میں نیوٹرل وینیو پر نہیں کھیلیں گے۔