فی تولہ سونے کی قیمت میں 1300 روپے کمی

Last Updated On 07 January,2020 04:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز)بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے دام گرنے کے بعد پاکستان میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں 1300 روپے کی کمی دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا 11 ڈالر فی اونس سستا ہوا جس کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی نئی قیمت 1567 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔

دوسری طرف بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں گرنے کے اثرات پاکستان میں بھی سامنے آئے جہاں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 1300 روپے کی بڑی کمی دیکھی گئی۔

ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت 92100 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اُدھر فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 1114 روپے کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد دس گرام سونے کی قیمت 78 ہزار 961 روپے ہو گئی ہے۔