خیبرپختونخوا کے 15 شہروں میں سروے مکمل، پراپرٹی ٹیکس وصولی کیلئے اقدامات کا آغاز

Last Updated On 31 January,2020 10:03 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ٹیکس نیٹ سے باہر علاقوں سے ٹیکس وصولی کے اقدامات کا آغاز کردیا گیا، صوبے کے 15 شہروں میں سروے مکمل کر لیا گیا، شہری کہتے ہیں اقدام سے نہ صرف ٹیکس دینے والوں پر بوجھ کم ہو گا بلکہ حکومت کو بھی فائدہ ہو گا۔

خیبر پختونخوا میں ٹیکس گزاروں کیلئے خوشخبری، پراپرٹی ٹیکس دینے والوں پر اب مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ اہداف پورا کرنے اور ٹیکس نیٹ میں نئے علاقے شامل کرنے کیلئے صوبے کے 15 شہروں میں سروے مکمل کر لیا گیا۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ریکارڈ کے مطابق پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی اور ایبٹ آباد، مانسہرہ سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں 160سے زائد ایسے علاقے اور ٹائونز ہیں جہاں میونسپل سروسز تو پوری دی جا رہی ہیں لیکن تاحال ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں۔ انہیں بھی پراپرٹی ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔

مہنگائی کے اس دور میں ٹیکسوں کی بھرمار سے پریشان پشاور کے شہریوں نے بھی حکومت کے اس اقدام کو خوب سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے نہ صرف ٹیکس دینے والوں پر بوجھ کم ہوگا بلکہ حکومت کو بھی فائدہ ہو گا۔

ایکسائز ریکارڈ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں 65 سے زائد علاقوں کی ٹیکس نیٹ میں شمولیت کیلئے نشاندہی کی گئی ہے جبکہ پشاور میں 28، بنوں14، ہری پور12، ٹانک اور لکی مروت میں گیارہ سمیت نوشہرہ اور دیگر اضلاع سے بھی علاقے شامل کیے گئے ہیں۔