اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور برطرف وزراء کی ملاقات رنگ لے آئی، مصالحت کا عندیہ دے دیا۔
خیبرپختوںخوا کے برطرف وزراء شہرام خان ترکئی اور عاطف خان نے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے الگ ملاقات کی جس میں وزیراعطم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا گیا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعلی اور برطرف وزراء کے مابین اختلافات گھر کا مسئلہ ہے اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے اسپیکر اسد قیصر اور وزیردفاع پرویز خٹک، وزیراعلی اور برطرف وزراء مل بیٹھ حل کریں۔
ایم این اے عثمان ترکئی نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بھی چاہتے ہیں کہ پرویز خٹک، اسد قیصر اور وزیراعلی مل بیٹھ کر مسئلہ حل کریں کیونکہ وزیراعظم مختلف مسائل کے حل میں مصروف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی، عاطف خان، شہرام خان، پرویز خٹک کے درمیان اختلافات ختم ہونے چاہییں اس حوالے سے بہت جلد جرگہ متوقع ہے۔