مقبوضہ کشمیر: شہید نوجوانوں کے جنازوں میں وزیراعظم عمران خان کے نعرے لگنے لگے

Last Updated On 29 January,2020 11:33 pm

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں ضلع کولگام میں ایک نوجوان، جسے بھارتی قابض فوج نے شہید کر دیا تھا، کی نماز جنازہ کے دوران وزیراعظم عمران خان کے بلند شگاف نعرے لگنے لگے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی طرف سے نوجوانوں پر مسلسل مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے نوجوانوں میں بھارت مخالف رجحان بڑھ رہا ہے اور شہید ہونے والے برہان وانی کے نقش قدم پر چلنے کو ترجیح دینے لگے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی لوگوں کے مطابق 6 ماہ سے قابض بھارتی سکیورٹی فورسز نے نوجوانوں سے بے جا تفتیش اور بلا امتیاز گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے ردعمل میں نوجوان مزاحمت کو ترجیح دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیری سڑکوں پر نکل آئے، تاریخی خطاب پر عمران خان کے حق میں نعرے

بھارتی قابض سیکورٹی فورسز کے آپریشنز کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کے جنازوں میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے نعرے لگائے جاتے ہیں۔

ایسے ہی نعرے اور پاکستانی جھنڈے میں لپٹی میت کے مناظر جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں دیکھنے کو آئے جب شہید ہونے والے نوجوان شاہد احمد کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ وہ 20 روز قبل گھر سے چلے گئے تھے اور پیر کو قابض بھارتی سکیورٹی فورسز نے اننت ناگ ضلع میں نام نہاد جھڑپ کے دوران نوجوان کو شہید کر دیا تھا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق برف باری کے باوجود سینکڑوں مردوں اور خواتین نے ان کے جنازے میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: سوچیں پاک بھارت ایٹمی جنگ ہوئی تو کیا ہوگا؟ وزیراعظم نے دنیا کو خبردار کردیا

جنازے میں شریک کشمیری کا کہنا تھا کہ شاہد احمد نے قابض بھارتی سکیورٹی فورسز کی بار بار تفتیش اور حراست سے مجبور ہو کر ہتھیار اٹھائے۔ جبکہ ایک اور نوجوان کا کہنا تھا کہ رات کو فوج کے چھاپوں کی وجہ سے ہم ڈرے ہوئے ہیں، سہمے ہوئے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ سال 28 ستمبر 2019ء کو وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کشمیریوں کا بھرپور انداز میں کیس لڑا تھا جس کے بعد کشمیریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی تھی اور وزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرے لگائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ہو سکتا میرا آپ کیساتھ آخری رابطہ ہو، سیّد علی گیلانی کا وزیراعظم عمران خان کو خط

کشمیریوں نے پاکستانی جھنڈے تھام کر بھارت مخالف مظاہرے کیے۔ وادی کے نوجوانوں نے عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔ کشمیری نوجوان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے بعد وزیراعظم عمران خان پر بھروسہ ہے۔
 

Advertisement