اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چین نے مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ سی پیک اتھارٹی دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مختلف منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے اعلی سطحی جائزہ اجلاس۔
— Govt of Pakistan (@pid_gov) January 28, 2020
وزیراعظم کو پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت مرحلہ وار قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ pic.twitter.com/ie7rks597U
اجلاس میں وفاقی وزیر حماد اظہر، وفاقی وزیر اسد عمر، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور وفاقی وزیر علی زیدی، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو سی پیک منصوبوں پر مرحلہ وار قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی اور سڑکوں کے بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، گوادر بندرگاہ اور ایئر پورٹ پر کام مرحلہ وار طریقے سے جاری ہے، اورنج لائن منصوبہ مکمل ہو چکا ہے، کوئٹہ ریلوے کی فزیبلٹی پر مشاورت جاری ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) فیز ٹو پر عملدرآمد کے حوالے سے آئندہ جائزہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے مشکل حالات میں پاکستان کی مدد کی ہے، سی پیک منصوبہ ہمہ جہتی پاک چین تعلقات کا مظہر ہے۔ سماجی شعبوں میں چین کے تجربے سے مکمل طور پر استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک اتھارٹی دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرے، بین الوزارتی کوارڈینیشن کو مزید موثر بنایا جائے۔