لندن: (دنیا نیوز) کرونا وائرس سے بچاو کے لیے برطانیہ نے آئی ایم ایف کو 15 کروڑ پاونڈ دینے کا اعلان کر دیا جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ادویات ساز کمپنیز کے لیے 20 کروڑ ڈالر کا فنڈ قائم کردیا ہے۔
برطانیہ کا آئی ایم ایف کو 15کروڑ پاؤنڈ دینے کا اعلان، رقم کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اقدامات پر خرچ کی جائے گی، ایشیائی ترقیاتی بینک نے 20 کروڑ ڈالر کا فنڈ قائم کر دیا، اے ڈی بی رقم ادویہ ساز کمپنیوں کو دے گا۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے کرونا وائرس کو عالمی وبا قرار دیئے جانے کے بعد سے دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹس شدید مندی کا شکار ہو گئیں۔ ساتھ ہی ترقی یافتہ ممالک کرونا وائرس سے بچاو کے لیے اہم اقدامات اٹھاتے نظر آرہے ہیں، برطانیہ نے آئی ایم ایف کو 15 کروڑ پاونڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم کرونا وائرس سے متاثر غریب ممالک آئی ایم ایف کو قرضوں کی ادائیگی اور اپنے ملک میں کرونا وائرس سے بچاو کے لیے استعمال کرسکیں گے۔
دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک نے 20 کروڑ ڈالر فنڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ یہ فنڈ ادویات ساز کمپنیز کرونا وائرس سے بچاو کے لئے سازوسامان ادویات کی تیاری پرخرچ کر سکیں گی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے منیلا میں اپنا ہیڈ آفس بھی کرونا وائرس کے خدشے کے باعث بند کر دیا ہے۔