ممبئی: (ویب ڈیسک) جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ کرونا وائرس کے مریض سوا ایک ارب سے زائد آبادی والے ملک بھارت میں ہے، جہاں 11 مارچ کی سہ پہر تک مریضوں کی تعداد 60 تک جا پہنچی تھی، دوسرے نمبر پر پاکستان ہے جہاں مریضوں کی تعداد 19تک جا پہنچی تھی۔ افغانستان میں 5، بنگلا دیش میں 3، سری لنکا میں 2، بھوٹان میں ایک اور نیپال میں بھی ایک مریض کی تصدیق کی جا چکی ہے۔
کرونا وائرس کے سدباب کے لیے جہاں دنیا بھر میں سنجیدگی سے اقدامات کیے جارہے ہیں وہیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نامور شخصیات اس وباء کے خوف کے سائے کم کرنے کے لیے آگاہی پھیلانے میں مصروف ہیں۔ جس قدر تیزی سے اس وباء کے پھیلاؤ میں اضافہ ہورہا ہے اس شدت سے ہی اس کے خوف کے سائے ہر طرف قدم جماتے جارہے ہیں۔ بھارت میں بھی لوگ کرونا کے خوف کا شکار ہیںمعروف کامیڈین کپل شرما نے ٹویٹر پیغام میں سرجیکل ماسک پہنے ہوئے تصاویر شئیر کیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ احتیاط سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ کپل شرما کی تصاویر پر مداحوں کی جانب سے فکر کا اظہار بھی کیا گیا ۔