کراچی: (دنیا نیوز) مرتضٰی وہاب نے وفاقی حکومت سے شکوے کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے مسئلے پر وزیراعظم نے رابطہ نہیں کیا، انہیں خود نگرانی کرنی چاہیے، وفاقی حکومت صرف ٹویٹر پر ایکٹو نظر آتی ہے، عملی اقدامات کچھ نہیں، تعلیمی اداروں میں چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا 2300 افراد ایران سے سندھ داخل ہوئے، اب تک 188 ٹیسٹ لیے جاچکے، 14 لوگوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا، 14 مشتبہ مریضوں کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا، ایک مریض صحت یاب ہوچکا، متاثرہ 14 افراد بیرون سے پاکستان آئے تھے، ان 14 افراد میں وائرس مقامی طور پر منتقل نہیں ہوا، حکومت سندھ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اقداما ت کر رہی ہے۔
مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا وزیراعلیٰ ہاؤس میں روزانہ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوتا ہے، کرونا سے متاثرہ افراد کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے، آمدورفت کی مانیٹرنگ کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے، ایک خاتون نے ٹویٹ کیا ایئرپورٹ پر ان سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہوئی، خاتون سعودی عرب سے کراچی آئی تھی، وفاق ایئرپورٹ پر مانیٹرنگ کے نظام کو بہتر بنائے۔ انہوں نے کہا کوئٹہ سے آنیوالا کیس بھی تفتان انتظامیہ پر سوالیہ نشان ہے، کورنٹائن کرنا صوبائی نہیں، وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔