کرونا وائرس سے امریکہ میں 30 ہلاکتیں، برطانوی وزیر صحت بھی مرض کا شکار

Last Updated On 11 March,2020 10:12 am

بیجنگ: (دنیا نیوز) کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی تعداد 119 ہو گئی، دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 298 ہو گئی، متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار 214 تک بڑھ چکی ہے۔ نیویارک کے متاثرہ علاقے میں فوجیوں کو بھیج دیا گیا،امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہو گئی۔ امریکا نے ایران سے اپنے قیدی رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا، برطانوی وزیر صحت بھی مہلک وائرس کا شکار ہو گئیں۔

کرونا تیزی سے دنیا میں پھیلنے لگا، متاثرہ اور ہلاک افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، چین میں 22 مزید ہلاکتوں کے بعد تعداد 3 ہزار ایک سو 58 ہو گئی جبکہ 80 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔

چین کے بعد ہلاک افراد کی سب سے بڑی تعداد اٹلی میں ہے جہاں مرنے والوں کی تعداد 631 ہو گئی۔ خطرناک وائرس کے دس ہزار سے زیادہ مریض ہیں۔ جنوبی کوریا میں 61 ہلاکتیں ہیں۔ 242 نئے کیسز کے ساتھ 7 ہزار 755 افراد وائرس سے متاثر ہیں۔

اسپین میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا جہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1695 ہو گئی، 36 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فٹ بال میچوں کے دوران تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔ ایران میں 291 اموات ریکارڈ کی گئیں، 8 ہزار 42 افراد کرونا وائرس کا شکار ہیں۔

فرانس میں کرونا وائرس سے 33 افراد جان ہار گئے، ایک ہزار 784 متاثر ہیں، نیو یارک میں متاثرہ علاقے میں فوجیوں کو بھیج دیا گیا، امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 30 ہو گئی ،امریکا نے ایران سے اپنے قیدی رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ کسی امریکی قیدی کو کچھ ہوا تو ایرانی حکومت ذمہ دار ہو گی۔

برطانوی وزیر صحت ناڈین ڈورس بھی مہلک وائرس کا شکار ہو گئیں۔ وزیر گزشتہ دنوں پارلیمنٹ میں سیکڑوں افراد سے ملی تھیں اور وزیر اعظم بورس جانسن سے بھی ملاقات کی تھی۔
 

Advertisement