ہنوئی: (ویب ڈیسک) چین سے مختلف ممالک میں پھیلنے والے خطرناک کرونا وائرس نے عالمی معشت کو شکنجے میں جکڑ لیا ہے، متعدد کمپنیوں نے اپنے ملازمین کی حفاظت کے پیش نظر نمایاں تبدیلی کی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خوف سے معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنے چند سمارٹ فونز کی پروڈکشن عارضی طور پر جنوبی کوریا سے ویتنام منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حال ہی میں جنوبی کوریا کی سام سنگ کمپنی کے ایک اور ملازم میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کی وجہ سے کمپنی کی پروڈکشن کو ویتنام منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سام سنگ کی جنوبی کوریا کی فیکٹری میں کُل 6 ملازمین میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سام سنگ کمپنی کے بیان کے مطابق جیسے ہی کرونا وائرس کی صورتحال پر قابو پالیا جائے گا ویسے ہی ہم یہاں دوبارہ آجائیں گے۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے گوگل اور ایپل نے چین میں اپنے تمام تر دفاتر عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اب تک 4 ہزار ہلاکتیں رپورٹ کی جاچکی ہیں۔