لاہور: (ویب ڈیسک) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے چین سے متعدد ممالک میں پھیلنے والے کرونا وائرس سے متعلق خبردار کیا ہے کہ یہ ایک عالم گیر وباء بننے کے قریب ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق کرونا وائرس میں اموات کی شرح فلو سے کہیں زیادہ ہے جب کہ اس سے قبل یہ سمجھا جا رہا تھا کہ فلو میں ہلاکتوں کی شرح کرونا وائرس سے زیادہ ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر میں لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ کوئی بھی کرونا وائرس سے بچنے کے قابل نہیں ہے، اس کی وجہ سے ہونے والی سنگین بیماریاں بھی موسمی فلو سے زیادہ ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈانوم کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے دنیا بھر میں 3.4 فیصد ہلاکتیں ہوئیں جب کہ فلو کے متاثرین میں ہلاکتوں کی شرح محض ایک فیصد ہے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈانوم کے مطابق وائرس دنیا کے اتنے ممالک تک پہنچ چکا ہے کہ اس کے عالم گیر وباء بننے کے خطرات بالکل حقیقی ہیں تاہم یہ پہلی عالمی وباء ہے جسے روکا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وائرس کے باعث ہمارے اندازے سے بھی زیادہ لوگ متاثر ہوسکتے ہیں اور کچھ کو سنگین عارضے بھی لاحق ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب ماہرین کے مطابق کرونا وائرس سے موت کی شرح بڑھنے کا امکان ہے کیونکہ اس وقت بہت سے ایسے لوگوں کی تشخیص ہی نہیں ہورہی جو کرونا وائرس سے کم متاثر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اب تک 4 ہزار ہلاکتیں رپورٹ کی جا چکی ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 16 ہے جن میں کراچی سے مزید 9 کیسز سامنے آ گئے جس کے بعد سندھ میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہے۔