پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا کے ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے وائرس کے پھیلائو کو روکنے اور اس کے تدارک کیلئے ایک نئی دوا ایجاد کرلی ہے۔
یہ دعویٰ شمالی کوریا کے تحقیقی ادارے کی جانب سے سامنے آیا ہے۔ شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کی جانب سے اس دعویٰ کی تصدیق کیلئے ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں طبی ماہرین لیبارٹری میں اس دوا کی تیاریوں میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔ تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
لیبارٹری میں بظاہر تحقیق کے دوران بنائی جانے والی اس ویڈیو میں بہت سارے انجیکشن میز پر پڑے نظر آ رہے ہیں لیکن شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی نے اس بات کا کوئی حوالہ نہیں دیا کہ یہ دوا کووڈ 19 کیلئے تیار کی گئی ہے۔
شمالی کوریا کے سائنسی ادارے کے محقق کم وون کا اس دوا کی تیاری کے بارے میں کہنا ہے کہ وائرس کے خاتمے کیلئے تیار کیے گئے اس انجیکشن کا وسیع پیمانے پر استعمال ہو سکتا ہے۔
طبی ماہر کم وون نے کہا کہ میرے خیال میں اس دوا کی افادیت بہت سے وائرس کے پھیلاؤ اور سدباب کیلئے معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ خیال رہے کہ شمالی کوریا میں ابھی تک کرونا وائرس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے تاہم ایسی خبریں ہیں کہ اس مرض کی علامات کی صورت میں متاثرہ مریضوں کو ایک ماہ کیلئے قرنطینہ میں رکھا جا سکتا ہے۔